نئی دہلی،26؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے انسانیت کا ثبوت ہوئے ایک بار پھر پاکستانی نوجوان کو میڈیکل ویزا دینے کااعلان کیا ہے۔نوجوان نے کچھ دن پہلے ہی سشما سوراج سے ہندوستان آکر اپنا علاج کرانے کی اجازت مانگی تھی۔نوجوان نے سوراج کو اس بابت ٹویٹ کر لکھا تھا کہ’ اللہ کے بعد آپ ہی ہماری آخری امید ‘ہیں۔ہماری مدد کریں۔شاہ جیب اقبال نام کے نوجوان نے پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے اپنے بھائی کے لیور ٹرانسپلانٹ کے لئے ہندوستان کا ویزا مانگا تھا۔اقبال کی ٹویٹس کا جواب دیتے ہوئے سشما سوراج نے ٹویٹ کر انہیں ویزا دینے کی بات کہی۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستان تمہیں کبھی ناامید نہیں ہونے دے گا۔میں نے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے تمہارے خاندان کو فوری طور پر ویزا جاری کرنے کو کہا ہے۔انہوں نے کشور سلطانہ نام کی عورت جنہیں نویڈا کے ایک اسپتال سے لیور ٹرانسپلانٹ کرانا ہے،ان کو بھی ویزا دینے کا اعلان کیا۔وزیر خارجہ نے یوم آزادی کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ہندوستان انسانیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان کے ہر مریض کے لئے فوری طور پر ویزا فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔